بنگلورو،15؍دسمبر(ایس او نیوز) کرناٹک لیجس لیٹو کونسل کی 25نشستوں کے لئے 10دسمبر کو کروائے گئے انتخابات میں حکمران بی جے پی کو توقع کے مطابق کامیابی نہیں مل سکی اور 25میں سے اس کے صرف 11امیدوار ہی ایوان بالا کے لئے منتخب ہو سکے، جبکہ کانگریس نے بھی گیارہ نشستوں پر کامیابی حاصل کی - جنتا دل (سکیولر) نے اپنے غلبہ والے اضلاع ہاسن اور میسور میں ایک ایک سیٹ پر کامیابی حاصل کی ہے- بی جے پی جو اس امید میں تھی کہ وہ کم از کم 14تا 15سیٹوں پر کامیابی حاصل کر کے ایوان بالا میں مکمل اکثریت حاصل کر لے گی اور کسی بھی قانون کی منظوری کے لئے اسے جنتا دل(ایس) کی حمایت پر منحصر ہونا نہ پڑے - لیکن ووٹوں کی گنتی کے آخری لمحات میں ا س امید پر پانی پھر گیا جب بی جے پی کی کامیابی سمٹ کر صرف 11سیٹو ں تک محدود رہ گئی - حسب توقع دھارواڑ جڑواں اسمبلی حلقہ کی ایک سیٹ سے کے پی سی سی کے کارگزار صدر سلیم احمد نے کونسل کے لئے کامیابی حاصل کی، انہوں نے اپنے قریبی حریف بی جے پی امیدوار کو شکست دی-کانگریس کے لئے بیدر سے بھیم راؤ بی پاٹل،ٹمکور سے راجیندرا، کولار سے انیل کمار، وجئے پور باگل کوٹ سے سنیل گوڑا پاٹل،ہبلی دھارواڑ سے سلیم احمد،رائچور کوپل سے شرن گوڑا پاٹل بیا پورا، منڈیا سے دنیش گولی گوڑا، میسور چامراج نگر سے ڈی تمیا، اڈپی دکشن کنڑا سے منجوناتھ بھنڈاری، بیلگاوی چکوڈی سے چنا راجو اور بنگلورو رورل سے ایس روی کامیاب ہوئے- بی جے پی کے لئے بنگلور و اربن سے گوپی ناتھ ریڈی، مڈیکیری سے سوجا کشالپا، شیموگہ سے ڈی ایس ارون، چترا درگہ سے کے ایس نوین، بلاری سے وائی ایم ستیش، اتر کنڑا سے گنپتی الیکر، چکمگلور سے ایم کے پرانیش، اڈپی دکشن کنڑا سے کوٹا سرینواس پجاری، کلبرگی یادگیر سے بی جی پاٹل، ہبلی دھارواڑ سے پردیش شیٹر، وجئے پور باگل کوٹ سے پی ایچ پجارکامیاب ہوئے -جنتا دل(ایس) نے دوسیٹوں پر کامیابی حاصل کی،ہاسن سے دیوے گوڑا کے پوتے اور ایچ ڈی ریونا کے چھوٹے فرزند سورج ریونا منتخب ہو ئے اور میسور سے منی راجو گوڑا نے کانٹے کے مقابلہ میں بی جے پی کے رگھو کوٹلیا کو ہرایا-بیلگاوی میں بی جے پی سے ٹکٹ نہ ملنے پر باغی امیدوار کے طور پر میدان میں اترکر لکھن جارکی ہولی نے آزاد امیدوار کے طور پر کامیابی حاصل کی -